پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بینکنگ سروسز سے متعلق مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر 14بنکوں کو جرمانے کر دیئے

الائیڈ بینک لمیٹڈ ، بینک الحبیب لمیٹڈ ، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ سمیت دیگر کو 50،50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ‘ ذرائع

جمعرات 19 جنوری 2017 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بینکنگ سروسز سے متعلق مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر 14بنکوں کو جرمانے کر دیئے۔پی آر اے ذرائع کے مطابق 57مختلف بنکوں سے پنجاب سیلز ٹیکس ایکٹ کی سیکشن ستاون کے تحت بینکنگ سروسز کے متعلق اہم ریکارڈ طلب کیا گیا تھا ۔ چودہ بینکوں نے بار بار نوٹسز بھجوانے کے باوجود مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا ۔

پی آر اے نے نوٹسز کا جواب نہ دینے پر ان بینکوں کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

پی آر اے ذرائع کے مطابق الائیڈ بینک لمیٹڈ ، بینک الحبیب لمیٹڈ ، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ اور دبئی اسلامک بینک کو ریکارڈ فراہم نہ کرنے کے باعث جرمانہ عائد کیا گیا ۔ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ ، انڈسٹری ڈویلپمنٹ بینک آف پاکستان ، جے ایس بینک لمیٹڈ ، میزان بینک لمیٹڈ ، سونیری بینک لمیٹڈ ، تعمیر مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ ، دی بینک آف پنجاب ، این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ ، حبیب بینک لمیٹڈ اور سامبا بینک لمیٹڈ کو بھی جرمانہ عائد کیا گیا ۔ پی آر اے ذرائع کے مطابق بینکوں سے جرمانہ وصول کرنے کے لئے سیکشن ستر کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔