Live Updates

قائمہ کمیٹی ریلوے کااجلاس ‘سعد رفیق کا جارحانہ رویہ‘ ریلوے افسران کو جھاڑپلادی ‘حامد الحق کی وزیر ریلوے سے جھڑپ

وزیر ریلوے نے بریفنگ میں کوئی نئی بات نہیں کی پرانے دعوے دہرائے، ان کا اپنی وزارت کے افسران کے ساتھ رویہ غیر مناسب ہے، پی ٹی آئی کے رہنما کاموقف بریفنگ میں تمام نئے منصوبے پیش کئے ہیں ، چیئر مین کمیٹی کی عزت کرتا ہوں ، وزارت کیسے چلانی ، افسران اور سٹاف کو کیسے ڈیل کرنا ہے یہ مجھے نہ بتایا جائے، سعدرفیق کاجواب

جمعرات 19 جنوری 2017 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں جمعرات کو وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے جارحانہ روئیے اور وزارت ریلوے کے افسران کو ڈانٹ ‘ جھاڑپلانے پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حامد الحق کی سعد رفیق کے ساتھ جھڑپ ہو گئی۔ حامد الحق نے کہاکہ وزیر ریلوے نے بریفنگ میں کوئی نئی بات نہیں کی پرانے دعوے دہرائے۔

وزیر ریلوے کا اپنی وزارت کے افسران کے ساتھ رویہ بھی غیر مناسب ہے۔ چیئرمین کمیٹی کو ڈکٹیشن دیتے ہیں۔ انہیں اپنا رویہ بہتر کرنا ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ بریفنگ میں تمام نئے منصوبے پیش کئے ہیں۔ چیئر کی عزت کرتا ہوں اور اجازت لے کر بات کرتا ہوں۔ میٹنگ کی ریکارڈنگ دیکھی جا سکتی ہے وزارت چلانا میرا کام ہے کیسے چلانی ہے اور افسران اور سٹاف کو کیسے ڈیل کرنا ہے یہ مجھے نہ بتایا جائے۔

(جاری ہے)

میں نے رزلٹ دینا ہے اور کام لینا ہے اس کے لئے مجھے خود ہی انتخاب کرنا ہے کہ کس سے کس طرح کی بات کرنی ہے۔ حامد الحق نے بیچ میں بولنے کی کوشش کی تو سعد رفیق نے انہیں بھی ڈانٹ دیا اور کہا کہ میں آپ کی بات میں نہیں بولا آپ صبر کریں میں اپنی بات کے درمیان نہیں بولنے دوں گا۔ قبل ازیں وزیر ریلوے نے سی ای او کو بریفنگ کے دوران بعض اہم نکات مس کرنے پر ڈانٹ پلائی اور انہیں بریفنگ دینے سے روک دیا اور کہا کہ آپ سے زیادہ مجھے زبانی چیزیں یاد ہیں آپ نے بریفنگ میں دو اہم نکات شامل نہیں کئے۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے اپنے ساتھ بیٹھی وزارت کی سیکرٹری پروین آغا سے بھی سی ای او کی شکایت کی اور کہا کہ فضول باتیں کر رہا ہے اسے بارہا کہا ہے کہ ٹو دی پوائنٹ بات کیا کرے۔ …(رانا+ع ع)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات