وزیرداخلہ کا لاپتہ بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر جاری پراپیگنڈے کا نوٹس

بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کی خبروں میں قطعاً کوئی صداقت نہیں ، ایسی خبریں مضحکہ خیز ہیں ، چوہدری نثار کا لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی

جمعرات 19 جنوری 2017 20:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کا لاپتہ ہونے والے بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اور خصوصا سوشل میڈیا پر جاری پراپیگنڈے کا نوٹس لے لیا ، چوہدری نثار نے لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ، سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کی خبروں میں قطعاً کوئی صداقت نہیں اور ایسی خبریں مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ ہیں،بعض عناصر کی جانب سے اس معاملے میں غلط معلومات کی تشہیر کا مقصد معاملے کو مزید الجھانا ہے۔

(جاری ہے)

منفی پراپیگنڈے اور غلط معلومات کی تشہیر ایسے عناصر کی بے حسی کا واضح ثبوت ہے۔ شاید ان کو اس بات کا احساس نہیںکہ انکے ایسے عمل سے کرب میں مبتلا خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ بلاگرز کی باخیریت بازیابی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ کوشش جاری ہے۔(آ چ )