آرمی چیف کا کراچی میں امن کی بحالی پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش

کراچی میں پائیدار امن کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی‘ جنر ل قمر جاوید باجوہ

جمعرات 19 جنوری 2017 20:06

آرمی چیف کا کراچی میں امن کی بحالی پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن کی بحالی پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پائیدار امن کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔وہ جمعرات کوکراچی دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی دورہ کے دوران شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

آرمی چیف کو کور اور رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے کراچی میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کی تعریف کی جس کی بدولت دہشت گردی ‘ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی واداتوں میں کافی حد تک کمی آئی ہے ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اس عزم کو دوہرایا کہ شہر میں امن کے قیام کے لئے کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی ‘آرمی بطور ریاستی ادارہ اپنے فرائض ادا کرتا رہے گا اور کراچی آپریشن میںحکومتی اداروں با لخصوص سندھ پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔

پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی جو شہر کو دہشت گردوں اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے کراچی کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سکیورٹی فورسز سے تعاون کیا۔قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں کاروباری برادری سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ شہر میں امن کے قیام کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور رواں سال کراچی کے حالات میں مزید بہتری نظر آئے گی۔آرمی چیف جب کراچی پہنچے تو کور کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ان کا خیرمقدم کیا ۔