شاہین ایئرانٹرنیشنل کے فضائی بیڑے میں نئے ائیربس A319 کا اضافہ

جمعرات 19 جنوری 2017 20:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) شاہین ایئر نے اپنے فضائی بیڑے میں ایک نئے طیارے کی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔اس نئے ایئر بس A319 جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ نیا طیارہ شاہین ایئر کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی قسم کا پہلا طیارہ ہے جسے نیا شاہانہ انداز عطا کیا گیا ہے اوریہ مسافروں کو زیادہ آرام اور سہولتیں فراہم کرتا ہے۔

اس طیارے کی شمولیت کی صورت میں کمپنی کا مقصد مسافروں کومحفوظ اور باکفایت فضائی سفر فراہم کرنا اوراپنے مشن کی نئے سرے سے وضاحت متعین کرنا ہے۔ برانڈ کی نئی شناخت شاہین ایئرکے فلسفہ پر تعمیرکی گئی ہے۔یہ لوگو تخلیق سے بڑھ کر کمپنی کے پیشہ ور عملہ کی جانب سے خدمت، وقت کی پابندی ، اعتماد اورحقیقی مہمان نوازی کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

یہ نہ صرف شاہین ایئرکے نیٹ ورک کی وسعت کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ اس خواب کی تعبیر ہے جس کی بنا پر شاہین ایئرپاکستان اور اس کے ساتھ ساتھ دنیا کو اعلیٰ اقداراور پائیدار روابط فراہم کرتا ہے۔

شاہین ایئر کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے چیئرمین کاشف صہبائی نے کہا،’’یہ شاہین ایِئرکے لیے ایک یادگار لمحہ ہے جب ہم اپنے برانڈ کی نئی شناخت پیش کر رہے ہیں۔ یہ نہ صرف ہماری پرجوش اقدار کا عملی اظہار ہے بلکہ ہمارے روشن مستقبل کا پیش رو بھی ہے۔اس نئے طیارے کی موجودگی سے ہم مزیدمضبوط ہوں گے اوراس مسابقتی صنعت میں مزید ترقی کر سکیں گے۔

‘‘شاہین ایئر نے پاکستان کی پہلی نجی ایئرلائن کے طورپر اپنے سفر کا آغاز چوبیس سال قبل کیا تھا۔یہ پہلی ایئر لائن ہے جسے ملک کی دوسری نیشنل کیریئر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔اپنے پچیس طیاروں کے ساتھ یہ ملک کی سب سے بڑی نجی ایئر لائن ہے جس کا عملہ نوجوان اور پرجوش افراد پر مشتمل ہے۔شاہین ایئر کی پروازیں سات مقامی اور تیرہ غیرملکی مقامات تک جاتی ہیں۔