ہندوستان سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے تمام اخلاقی حدود پارکرچکا ہے،گلگت بلتستان سے راء کے ایجنٹوں کی گرفتاری باعث تشویش اور قابل مذمت ہے،سیاسی وعسکری قیادت سازشوں سے نبردآزما ہونے کے لیے حکمت عملی بنائے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکا بیان

جمعرات 19 جنوری 2017 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے گلگت بلتستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایک درجن ایجنٹوں کی گرفتاری پرشدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان سی پیک منصوبے کو ہر صورت میں ناکام بنانے کے لیے مذموم کوششیں کررہا ہے اور اس حوالے سے وہ تمام اخلاقی حدود پارکرچکا ہے۔

کچھ عرصہ پہلے ’’راء‘‘ کے اہم نیوی افسرکل بھوشن یادیو اور بعد ازاں سفارتکاوں کے روپ میں راء کے خفیہ اہلکاروں کی ملک بدری اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کوکامیاب ہوتانہیں دیکھنا چاہتا۔سی پیک طویل المدتی تعاون کامنصوبہ ہے جس پر بھارتی تحفظات کو چین بھی مسترد کرچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس عظیم منصوبے کوناکام بنانے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے ایجنٹوں کی گرفتاری باعث تشویش اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن وسلامتی اور معاشی استحکام کامنصوبہ ہے اور پاکستان کے لیے ترقی وخوشحالی کاضامن ہے۔ساری دنیا کی نظریں اس پر مرکوز ہیں۔ہر ملک اس میں شراکت داری کاخواہش مند دکھائی دیتا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری سے جہاں پاکستان میں ترقی کا ایک نیادور شروع ہوگا وہاں یہ برادرہمسایہ ملک اور تیزی سے دنیا کے افق پر ابھرتی قوت چین کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سستاترین اور اہم ذریعہ بننے کو جارہا ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے ہمارے تاجربھی میڈل ایسٹ اور مغربی ممالک تک اپنی مصنوعات کو پہنچاسکیں گے یہی وجہ ہے کہ بھارت کو یہ منصوبہ کسی بھی صورت میں ہضم نہیں ہورہا۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک منصوبے کو جلدازجلد مکمل کیا جائے اور اس حوالے صوبوں میں پائے جانے والے تحفظات کو ختم کرنا نہایت ضروری ہے۔دشمنوں کی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔

اس منصوبے میں تاخیرکے باعث ہندوستان کو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیابی مل سکتی ہے۔نریندرمودی پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف کھل کر بیانات دے چکے ہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ہندوستان اور اس کے حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں۔بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کونقصان پہنچانے کے لیے خفیہ سازشوں کاسہارا لیا ہے۔سیاسی وعسکری قیادت کو چاہئے کہ وہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے سختی سے نبردآزماہونے کے لیے حکمت عملی بنائے۔پاکستان کی تمام دینی وسیاسی جماعتیں اور20کروڑ غیور عوام ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔بھارت ریاستی دہشت گردی ختم اور جنوبی ایشیا میں چوہدراہٹ کے خواب چھوڑ کر امن کے لیے مخلصانہ کوشش کرے۔