Live Updates

عمران خان نے اپنے ٹیکس ریٹرنز میں بھی حقائق چھپائے ‘ عمران خان اور جہانگیر ترین اڑھائی سال سے منی ٹریل چھپا اور الیکشن کمیشن میں استثنیٰ مانگ رہے ہیں ‘ وزیر اعظم کا مقدمہ اب قابل سماعت نہیں رہا ‘ مفروضے اور اخباری تراشے عدالت میں قابل قبول نہیں ‘ پی ٹی آئی نے تاحال ایک بھی ثبوت فراہم نہیں کیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں مصدق ملک اوردانیال عزیز کامشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 19:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں مصدق ملک اوردانیال عزیزنے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ٹیکس ریٹرنز میں بھی حقائق چھپائے ‘ عمران خان اور جہانگیر ترین اڑھائی سال سے منی ٹریل چھپاتے رہے ہیں اور الیکشن کمیشن میں استثنیٰ مانگ رہے ہیں ‘ وزیر اعظم کا مقدمہ اب قابل سماعت نہیں رہا ‘ مفروضے اور اخباری تراشے عدالت میں قابل قبول نہیں ‘ پی ٹی آئی نے تاحال ایک بھی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

وہ جمعرات کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس دوران ترجمان و زیر اعظم مصدق ملک نے کہا کہ تحریک انصاف نے ا بھی تک ایک بھی ثبوت جمع نہیں کرایا۔ پی ٹی آئی نے جتنے الزامات لگائے ان میں سے کسی کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔

(جاری ہے)

اخباری تراشے اور بے بنیاد مفروضے عدالت میں ثبوت نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ کیا جا رہا ہے کہ باپ اپنی بیٹی کو تحفہ کیسے دے سکتا ہے۔

عدالت جو فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہو گا۔ مریم نواز اور حسین نواز کے وکیل تمام ثبوت عدالت کے سامنے رکھیں گے۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری دانست میں وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ قابل سماعت ہی نہیں رہا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے عمران خان کانجی ٹی وی کو ددیا گیاانٹرویو بطور ثبوت پریس کانفرنس میں دکھایا اور عمران خان کے ٹیکس ریٹرنز کی دستاویزات بھی پیش کیں۔

دانیال نے کہا کہ عمران خان کے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کے بیانات میں تضاد ہے۔ وہ الیکشن کمیشن میں منی ٹریل چھپا رہے ہیں۔ عمران خان کہتے ہیں کہ میں ایک ایک پائی وطن واپس لایا مگر اس میں بھی وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دستاویزت کے ساتھ بات کرتے ہیں بے بنیاد الزاما ت نہیں لگاتے ۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن میں اس لئے جواب نہیں دے رہی کہ پارٹی ختم ہو جائے گی۔ …(رانا)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات