وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت بین الوزارتی اجلاس

سندھ طاس معاہدہ پانی کی تقسیم کا مفید اور آزمودہ میکنزم ہے، پاکستان اس معاہدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا‘سینیٹر اسحاق ڈار

جمعرات 19 جنوری 2017 19:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ پانی کی تقسیم کا مفید اور آزمودہ میکنزم ہے، پاکستان اس معاہدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔ وہ جمعرات کو یہاں سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

عالمی بنک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر کھوسہ نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔ بین الوزارتی اجلاس میں سندھ طاس معاہدہ کے حوالہ سے موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدہ کو پانی کی تقسیم کا ایک مفید اور آزمودہ میکنزم سمجھتا ہے اور اس نے معاہدہ پر شروع دن سے عمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ اس معاہدہ کا احترام کریں اور اس کی شرائط پر عمل کریں۔ اس سلسلہ میں پاکستان اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو سندھ طاس معاہدہ کے حوالہ سے حالیہ پیشرفت اور انڈس واٹر کمیشن کو مضبوط بنانے سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں عالمی بنک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر کھوسہ نے عالمی بنک کے کردار اور اس کی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بنک کی انتظامیہ ثالث کے طور پر اپنے کردار سے آگاہ ہے۔ اجلاس نے سندھ طاس معاہدہ سے متعلق عالمی بنک کے کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بنک اس حوالہ سے مستقبل میں بھی اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :