وزارت داخلہ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ حماد صدیقی کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے

جمعرات 19 جنوری 2017 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) وزارت داخلہ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ اور متحدہ قومی موومنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے ، ریڈ وارنٹ محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر جاری کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ’’آئی این پی ‘‘ کو معتبر ذرائع نے بتایا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حماد صدیقی کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لئے محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت داخلہ کو ریڈ وارنٹ کے اجراء کی درخواست کی تھی جس کی روشنی میں حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق حماد صدیقی بیرون ملک روپوش ہے ،ریڈ وارنٹ کے اجراء کے بعد اب انٹر پول اپنے رکن ممالک سے ملزم کی گرفتار ی کو یقینی بنائے گا ،واضح رہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے ملزم عبد الرحمن عرف بھولا نے جے آئی ٹی کو بیان دیا تھا کہ فیکٹری مالکان کی طرف سے 25کروڑ روپے بھتہ نہ دینے پر حماد صدیقی نے فیکٹری کو آگ لگانے کا حکم دیا تھا ۔

جس کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد جل کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :