مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں نے بانڈی پورہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا

کٹھ پتلی انتظامیہ مسرت عالم کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دے رہی ہے

جمعرات 19 جنوری 2017 18:27

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعرات کو ضلع بانڈی پورہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے حاجن میں پرے محلہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

مزاحمتی رہنمائوں یاسمین راجہ ، فاروق احمد توحیدی ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں شہید نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیا ن میں 86سالہ شاہ ولی محمد اور نذیر احمد گنائی پر ایک بار پھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور مولانا سرجان برکاتی کی سینٹرل جیل سرینگر میں منتقلی کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اس اقدام نے عدالتوں سے ضمانت کے بعد کسی کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے دعوے کو بے بنیاد ثابت کر دیا ہے ۔جموںوکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ کو سرینگر کی ایک عدالت کی طرف سے انکے خلاف درج جھوٹے مقدمے میں رہائی کے احکامات کے باجود انہیں رہا نہیںکررہی ہے اور انکی نظربندی کو طول دیا جارہا ہے ۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور محمد شفیع ریشی اور جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میںگائوکدل ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کے شہداء کو انکی برسیوں کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری اپنے شہداء کی قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ کئی برس گزرنے کے بعد بھی ان گھنائونے جرائم میںملوث اہلکاروںکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔حریت رہنماء مختار احمد وازہ اور ظفر اکبربٹ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ کشمیریوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میںگئے۔

متعلقہ عنوان :