پانچ دن سے منگچر اورقلات کے عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں نہ آمدورفت کا کوئی ذریعہ ہے ،مفتی ابو بکر، میر مقبول جان لانگو

منگچر اورگردونواح میں برف باری سے بند ہونیوالی سڑکوں کو کھولنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،جے یو آئی کے مقامی رہنمائوں کی پریس کانفرنس

جمعرات 19 جنوری 2017 17:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) جمعیت علماء اسلام منگچر کے امیر مفتی ابوبکر،سردارزادہ میر مقبول جان لانگو ،حاجی علی احمد لانگواور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منگچر اورگردونواح میں حالیہ برف باری سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں کو کھولنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو حاجی خیر جان لانگو،ڈاکٹرظاہر لانگو، میر منظورلانگو، میرعبدالسلام لانگو ،میر خالد لانگو اورحاجی احسان اللہ لانگو کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ منگچر میں برف باری ایک طرف خدا کی رحمت ثابت ہوئی تو دوسری طرف زمین کے کرپٹ خداوں کی لوٹ مار ،ضلعی انتظامیہ کی نااہلی سے برف بارعی جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانچ دن سے منگچر اورقلات کے عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں نہ آمدورفت کا کوئی ذریعہ ہے اور نہ ہی مواصلات کا کوئی انتظام ہے اور عوام کے پاس اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ کرپٹ حکمران اربوں روپے کی لوٹ مار کرکے عالی شان خوراک کھاتے ہیں لیکن عوام کو کھانے کو سوکھی روٹی تک میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ نا اہل انتظامیہ کے پاس تمام ضلعی اختیارات کے باوجود برفباری سے متاثر شاہراہوں اور سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے ٹریکٹر اورلفٹر تک موجود نہیں اگر موجود ہے تو عوام کے استعمال میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کا نام تو بہت سننے کو آتا ہے لیکن یہ ریسکیو ٹیمیں منگچر میں کیوں نظر نہیں آتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام پانچ دن سے بجلی سے محروم ہیں اور گیس کا پریشر بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے برف باری سے متاثرین کیلئے چند پرانے کمبل اور ناقص دال فراہم کی گئی ہے ہمیں ایسی امداد کی ہرگز ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منگچر اورقلات کی رابطہ سڑکوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔