وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر محمود کھوسہ کی ملاقات، عالمی بینک کی مختلف پروگراموں اور منصوبوں میں فنانسنگ سے متعلق امور بارے بریفنگ دی

جمعرات 19 جنوری 2017 17:46

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک میں پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر محمود کھوسہ نے ملاقات کی اور انہیں عالمی بینک کی پاکستان کے مختلف پروگراموں اور منصوبوں میں فنانسنگ سے متعلق امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں انہوں نے وفاقی وزیر کو عالمی بینک کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مجوزہ دورہ کے بارے میں بتایا کہ وہ 26 سے 28 جنوری تک پاکستان کا دورہ کریں گی، یہ ان کا عالمی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تقرری کے بعد کسی رکن ملک کا پہلا دورہ ہو گا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مجوزہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی بینک کی جانب سے میکرو اکنامک استحکام اور اقتصادی ترقی میں معاونت کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں عالمی بینک کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی جانب سے عالمی بینک میں پالیسی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق کردار کو یقینی بنائیں۔