فاٹا کے علاقے میں ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں‘ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ

جمعرات 19 جنوری 2017 17:33

اسلام آباد ۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا کے علاقے میں ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں‘ فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی‘ نزہت صادق‘ طاہر حسین مشہدی‘ احمد حسن‘ تاج حیدر اور جہانزیب جمالدینی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ 2015-16ء میں فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 18 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد مختص کئے گئے جن میں سے 17 ارب 92 کروڑ 40 لاکھ روپے خر چ کئے گئے۔

فاٹا کو ملک کے دوسرے علاقوں کے برابر لانے کیلئے مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ فاٹا میں نوجوانوں کیلئے مواقع بڑھانے کے لئے محنت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2016-17ء میں فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 20 ارب 58 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک آٹھ ارب 23 کروڑ 48 لاکھ ر وپے جاری کئے جاچکے ہیں۔ یہ رقم کل مختص رقم کا 40 فیصد بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :