پاناما کیس میں عمران ناکام ،انکی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے ‘ پرویز ملک،عمران نذیر

کرپشن کیخلاف بند باندھ دیا،ایسے فرسودہ نظام کا خاتمہ کرینگے جس سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو‘ لیگی رہنما

جمعرات 19 جنوری 2017 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں عمران خان ناکام اور ان کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے،لیگی قیادت پر لگائے گئے الزاما ت کے وہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، کرپشن کے خلاف بند باندھنا قوم کی بڑی خدمت ہوگی ن لیگ کی حکومت یہ بند باندھ کر ہی رہے گی،ہم ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو،ایسا فرسودہ نظام ہر صورت ختم کرکے رہیں گے جس سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو جائے۔

وہ گذشتہ روزلاہور پارٹی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر لاہور کے سید توصیف شاہ،اظہر فاروقی،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،بی بی وڈیری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2017ء ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا سال ہوگا، اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب پورا ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بعض ہمارے اپنے نام نہاد سیاستدان غیروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سی پیک کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوکشش کرتے رہے ہیں،لیکن وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اور دنیا پاکستان کی طرف معاشی بہتری کے لئے رخ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :