وزیر صحت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کا اجلاس

صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ اورایڈیشنل چیف سیکرٹری کی بھی اجلاس میں شرکت

جمعرات 19 جنوری 2017 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کا اجلاس جمعرات کے روز سول سیکریٹریٹ کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، چیئر مین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف ، انفراسٹرکچرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے مجاہد شیر دل، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شبانہ حیدر، ہیلتھ کنسلٹنٹ ڈاکٹر نعیم الدین میاں اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صحت کے شعبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی جلد پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے اُنہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے ، مریضوں کا مکمل ڈیٹا محفوظ رکھنے ، ادویات کی فراہمی اور کھپت کا حساب رکھنے ، اسٹاک اور طبی آلات و مشینری کی الیکٹرانک انونٹری اور دیگر امور کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہاہے اور سرکاری ہسپتالوں کے لیے ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تکنیکی معاونت سے شروع کیا جا رہا ہے جبکہ IDAPپاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے لیے یہ سسٹم تیار کرے گا۔

اجلاس میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اسٹاف کی بھرتی کے سلسلہ میں SNEs ( شیڈول فار نیو ایمپلائمنٹ) کو فوری طور پر متعلقہ اتھارٹی کو بھجوانے کی منظوری دی گئی ۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں اور سکیموں کی ایک ٹائم لائن مقرر کرکے کام شروع کیا جائے تاکہ یہ منصوبے بروقت پایہ ء تکمیل کو پہنچ سکیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے بتایا کہ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت پنجاب کے چار اضلاع میں ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء ہو چکا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہیلتھ انشورنس سکیم کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک وسیع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔