حزب اختلاف کی جماعتوں کا وزیر اعظم پر قومی اسمبلی کا وقار مجروح کرنے کا الزام ،ْ قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع

تحریک استحقاق پر اسمبلی کا اجلاس بلا کر معاملے پر بحث کی جائے جس کے بعد اخذ ہونے والے نتائج پر کارروائی کی جائے ،ْمتن

جمعرات 19 جنوری 2017 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم پر قومی اسمبلی کا وقار مجروح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی سربراہی میں جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاناما پیپرز اسکینڈل پر وزیراعظم کی جانب سے ایوان میں کی جانے والی تقریر کو عدالتی کارروائی کا حصہ نہ بنانے سے متعلق ان کے وکیل نے عدالت میں درخواست جمع کرائی، جو ایوان کا وقار مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

تحریک استحقاق میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے وکیل کی درخواست سے ظاہرہوتا ہے کہ انھوں نے قومی اسمبلی میں سچ نہیں بولا تھا، جس سے ایوان کا وقار مجروح ہوا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں آئین کے آرٹیکل 91 (6) کا حوالہ دیتے ہوئے تحریک استحقاق میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور کابینہ آئین کے تحت سچ بولنے کے پابند ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریک استحقاق پر اسمبلی کا اجلاس بلا کر معاملے پر بحث کی جائے، جس کے بعد اخذ ہونے والے نتائج پر کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک استحقاق پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پاؤ، پاکستان پیپلز پارٹی کے نوید قمر، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ، عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :