بلدیہ شرقی کونسل کے تیسرے اجلاس کا پہلا سیشن، کے الیکٹرک، پولیس و ٹریفک انتظامیہ کی اجلاس میں شرکت

کے الیکٹرک خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے، زائد بلنگ اور میٹر کی فراہمی کیلئے آسان طریقہ کار وضعو اضافی لوڈ شیڈنگ کو بند کیا جائیو اراکین

جمعرات 19 جنوری 2017 16:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) بلدیہ شرقی کی کونسل کے تیسرے اجلاس کا پہلا سیشن چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کے الیکٹرک، پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے ایجنڈے سے قبل اراکین کونسل نے کے الیکٹرک کے متعلق شکایات کے حوالے سے کہا کہ کے الیکٹرک خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے، زائد بلنگ اور میٹر کی فراہمی کیلئے آسان طریقہ کار وضع کیا جائے اور اضافی لوڈ شیڈنگ کو بند کیا جائے۔

اراکین کونسل اورنگزیب تاج اور ڈاکٹر ندیم نے نشاندہی کی کہ کیبل سسٹم لانے کی آڑ میں ناقص میٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے، میٹر لگانے کے حوالے سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسیز میں الیکٹرک پولز لگانے کے حوالے سے یوسیز کو آگاہ کیا جائے اور ایک، ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی میں کے الیکٹرک کا نظام فوری طور پر بہتری کی جانب گامزن کرے۔

ٹریفک مسائل کے حوالے سے بھی اراکین کونسل نے مسائل پیش کئے بالخصوص ضلع شرقی میں جاری ترقیاتی کاموں کے دوران پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کو دور کرنے پر زور دیا گیا۔ چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے نمائندے سے کہا کہ یہ شکایات اعلی سطح پر پہنچا کر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آسانی کیلئے گلشن اقبال اور جمشید زونز کے دفاتر میں ڈرائیونگ لائسنس کی برانچز قائم کی جائیں۔

انہوں نے کے الیکٹرک، ٹریفک اور پولیس انتظامیہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں ایجنڈے پر کاروائی کو اجلاس کے دوسرے سیشن تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس کی کاروائی ڈائریکٹر کونسل ڈاکٹر آصف نے سر انجام دی۔ وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان، میونسپل کمشنر منظور عباسی سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کے الیکٹرک، ٹریفک اور پولیس کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔