مقبوضہ کشمیر، کٹھ پتلی انتظامیہ کی بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت نہ کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی دھمکی

جمعرات 19 جنوری 2017 16:51

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کو 26جنوری کو ہونے والی بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں دھمکی دی ہے کہ جو ملازم اس ہدایت پر عمل نہیں کرے گا اسکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھ پتلی حکومت کے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اس حوالے سے باقدہ طور پر ایک سرکلر جاری کیا ہے اور ہر ضلعی انتظامیہ کو اس سرکلر کو تمام سرکاری محکموں تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ 26جنوری کو چھٹی نہیں ہو گی اور ملازمین یوم جمہوریہ کی تقریبات میں اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔ یاد رہے کہ کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو ہر برس یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور سرینگراور دیگر تمام قصبوں میں اس روز مکمل ہڑتال کی جاتی ہے ۔ سرینگر اور دیگر ضلعی ہیڈکوارٹروں پر اس حوالے ہونے والی تقریبات میں سادہ لباس میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو بٹھایا جاتا ہے اور سرکاری ملازمین کو بھی ان میں شرکت پر مجبو ر کیا جاتا ہے۔