پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، ایف بی آر کو 28 فروری تک اپنا ریکارڈ مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 19 جنوری 2017 16:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کمیٹی کے کنوینر سید نوید قمر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں ایف بی آر، ای او بی آئی، پوسٹ اینڈ شپنگ اور وزارت مواصلات کے 2002-03ء کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ایف بی آر28 فروری تک اپنا ریکارڈ مکمل کر کے پی اے سی کو رپورٹ پیش کرے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 14 سے 16 سالہ پرانے کیسز میں ایف بی آر کی طرف اربوں روپے کی ریکوری کے لئے مناسب اقدامات نہ ہونا افسوسناک ہے، کروڑوں روپے کے ٹیکسز بھی وصول نہیں کئے جا سکے۔ قائم مقام چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ان کی کل ہی تقرری عمل میں آئی ہے، اس لئے ان آڈٹ اعتراضات کا جواب دینے کے لئے ان کی تیاری نہیں ہے۔ ان کو تیاری کے لئے مزید وقت درکار ہے جس پر سید نوید قمر نے کہا کہ ایف بی آر اپنا ریکارڈ درست کرے۔ ایف بی آر کو چاہئے کہ وہ ریکوریاں یقینی بنائے۔ 28 فروری تک ایف بی آر اپنا ریکارڈ مکمل کر کے پی اے سی کو رپورٹ پیش کرے۔ایسا نہ کرنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :