بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پپیپلز پارٹی کی ریلی لاہور سے فیصل آباد کیلئے روانہ، مرکزی رہنمائوں اور کارکنوں کی شرکت

جمعرات 19 جنوری 2017 16:41

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پپیپلز پارٹی کی ریلی لاہور سے فیصل آباد ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پی پی پی کی لاہور سے فیصل آباد ریلی کا آغاز ہو گیا ہے، بحر یہ ٹائون سے شروع ہونیوالی ریلی میں پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن،نوید چوہدری،بیلم حسنین،فائزہ ملک سمیت کثیر تعداد میں رہنما و کارکن شرکت کر رہے ہیں، ریلی بحریہ ٹاؤن سے فیض پور انٹر چینج پہنچی جس کے بعد سگیاں پل پر کارکنوں نے ریلی کا شانداراستقبال کیا بعد ازاں جی ٹی روڈ سے ریلی فیصل آباد روانہ ہو گئی، ریلی کا جگہ جگہ استقبال ہوا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری گاڑی سے نکل کر کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کو جواب دیتے رہے۔

(جاری ہے)

ریلی سے قبل پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کا ئرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی جمہوری احتساب چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد کی، نوید چوہدری نے کہا کہ پی پی پی جدوجہد کی پارٹی ہے جبکہ ہمارے مطالبات عوام کے مطالبات ہیں،بیلم حسنین نے کہا کہ پی پی پی اپنا کھویا ہوا مقام ضرورحاصل کرے گی، شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی طرح بلاول بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر بنیں گے، فائزہ ملک نے کہا کہ پی پی پی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں اور اس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، ندیم افضل چن اور نئیر بخاری نے بھی پیپلز پارٹی کی مضبوطی کے عزم کو دہرایا، ریلی کے آغاز سے قبل بلاول بھٹو کو امام ضامن بھی باندھا گیا جبکہ ریلی کی سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔