صدر آزاد جموں و کشمیر کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات ، ملکی صورتحال ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی ، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی ، سی پیک کے بلوچستان اور آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اثرات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیا ل

جمعرات 19 جنوری 2017 16:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان کی وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے ملاقات ، مجموعی ملکی صورتحال ، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی ، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزای ، سی پیک کے بلوچستان اور آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اثرات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی بھی موجود تھے ۔ صدر آزاد کشمیر نے سی پیک میں بلوچستان کے 12 منصوبوں کی شمولیت پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس عظیم منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا ۔ یہ صوبہ ملک کا رقبے کے لحاظ سے تقریباً نصف ہونے کے ساتھ ساتھ معدنی وسائل ، قیمتی پتھروں ، سونے اور تانبے کے ذخائر، سمندری وسائل اور فروٹ ، میوہ جات کی نعمتوں سے مالا مال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دو منصوبے بھی سی پیک میں شامل ہو چکے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے لیے ہم بلوچستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ سی پیک کا آغاز کشمیر سے اور اختتام گوادر میں ہوتا ہے ۔ اس لیے دونوں خطوں کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم علیحدگی پسندوں اور مذہبی شدت پسندوں کوفوج اور عوام کے تعاون سے ناکام بنا دیا ہے ۔

فرقہ وارانہ دہشتگردی پر جلد قابو پا لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت مذمت کی ہے ۔ بلوچستان میں آباد کشمیری صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات موجود ہیں۔ جنہیں وسیع کرنے کے امکانات موجود ہیں۔ ایران گوادر تک ریلوے لائن اور سٹرک تعمیر کرنے کا خواہاں ہیں۔

اس نے بجلی اور گیس فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے بلوچستان اور پورے پاکستان میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا انقلاب آئے گا۔ گوادر بین الاقوامی شہر بنے گا ۔ مقامی سیاسی قیادت اپنے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی قیادت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کی تھی ۔ آج بھی ہمیں اپنے بلوچ ، پشتون بھائیوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت حاصل ہے ۔