پاک ایران تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، قائم مقام گورنر سندھ

دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پر بھی تعلقات قائم ہیں، ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ سے خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 16:19

پاک ایران تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں ، قائم مقام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے جمعرات کو گورنر ہائوس میں سبکدوش ہونے والے ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی کے لئے الوداعی ظہرانہ دیا جس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ایرانی قونصل خانہ کے افسران نے شرکت کی۔الوداعی ظہرانے سے خطاب میں قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف حکومتی بلکہ عوامی سطح پر بھی تعلقات قائم ہیں جبکہ دوطرفہ تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوتے جارہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے پاک ایران تعلقات کے ساتھ ساتھ صوبہ کی استعداد اور قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ایرانی سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب بھی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے صوبہ کے مختلف اضلاع میں خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں قریبی تعاون لائق تحسین ہے کیونکہ ان کے باعث سندھ کے عوام کو ان دونوں شعبوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیر پور ، ٹھٹھہ ، بدین ، لاڑکانہ اور نواب شاہ کے اضلاع مین صحت و تعلیم کے منصوبوںسے عوام بھرپور استفادہ کررہے ہیں ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مہدی سبحانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ خیرپور میں قائم اسپتال میں ایرانی تعاون کے باعث روزانہ او پی ڈی 1000 سے بڑھ کر 4000 تک پہنچ چکی گئی ہے ۔

ایران کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے کہا کہ وہ صوبہ کے عوام کی محبت اور خلوص کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ انہوں نے اپنے قیام کے دوران تعاون پر صوبہ کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ قائم مقام گورنر نے ان کی نئی تعیناتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور انھیں سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا ۔دریں اثنا ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے سابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر تعزیت کی ۔

تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات میں انہوں نے تحریر کیا کہ مرحوم جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی ایک سچے پاکستانی اورماہر قانون دان تھے انہوں نے اپنی تمام زندگی اصولوں کے تحت گذاری ان کی خدمات کو نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ ایرانی قوم بھی ہمیشہ یا د رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :