Live Updates

تحریک انصاف نے سچ اورجھوٹ کی تمیزختم کردی ہے ،ْمقصد پاناما کیس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سیاست کرنا ہے، خواجہ سعد رفیق

مخالفین کی جانب سے عدالت کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، عدالتوں کی آزادی کے بغیر کوئی قوم زندہ نہیں رہ سکتی،سیاست پر اختلاف کیا جائے، ذاتی حملے نہ کئے جائیں،میڈیا سے گفتگو عدالت کی کارروائی پرتبصرہ کرنا غیرقانونی ہے، دسمبرتک ملک سے تمام اندھیرے دورکردینگے، خواجہ آصف عمران خان جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عوام 2018 میں بھی محمد نواز شریف کو ہی ووٹ دیگی،مریم اورنگزیب عدالت میں ثابت کرینگے جو تحفے وزیراعظم کو ملے وہ جائز تھے ،ْقانونی طریقے سے ان کی ٹرانزیکشن ہوئی ،ْ طلال چوہدری عمران خان اور بلاول بھٹو کی ڈگریاں آکسفورڈ یونی ورسٹی کی ہیں مگردونوں کی سوچ لنڈے کی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 جنوری 2017 16:19

تحریک انصاف نے سچ اورجھوٹ کی تمیزختم کردی ہے ،ْمقصد پاناما کیس کے ذریعے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سچ اورجھوٹ کی تمیزختم کردی ہے ،اس کا مقصد پاناما کیس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سیاست کرنا ہے،مخالفین کی جانب سے عدالت کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، عدالتوں کی آزادی کے بغیر کوئی قوم زندہ نہیں رہ سکتی،سیاست پر اختلاف کیا جائے، ذاتی حملے نہ کئے جائیں۔

۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے عدالت کو دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس کا مقصد پاناما کیس میں زیادہ سے زیادہ سیاست کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی آزادی کے بغیر کوئی قوم زندہ نہیں رہ سکتی ہے، ہمارے خاندان نے عدلیہ کی سربلندی کیلئے جدوجہد کی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ جو بھی ہو اہمیں اسے تسلیم کرنا پڑے گا ، انہوں نے کہا کہ عدالت نے باہرعدالت لگانے سے گریزکرنے کی ہدایت دے رکھی ہے جبکہ تحریک انصاف عدالتی کارروائی کو وقفے کے بعد باہر آ کر مسخ کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یہی حکمت عملی ایکشن کمیشن کے باہر بھی کرتی رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم باہر جو کچھ کرتے ہیں وہ ردعمل کے طور پر کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو بننے میں 40 سی50 سال لگتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سچ اور جھوٹ کی تمیز ختم کردی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ ہم پاکستان کو کیا دے رہے ہیں، کیا عدالتی کارروائی کو گمراہ کن اندازمیں پیش کرنا توہین عدالت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جب ہم بات کرتے ہیں توکہا جاتا ہے کہ وزرا ء آجاتے ہیں، وزرا انسان ہیں اورسیاسی ورکر بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت کواس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ کیا ہم کردارکشی میں آگے نہیں بڑھ گئے ہیں جہاں سے واپسی ناممکن ہو،انہوں نے کہا کہ دانستہ اورغیردانستہ توہین عدالت کوروکا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے چہرے داغدار کرنیوالوں کو یہ معلوم نہیں ہے کہ ہم بھی انہیں نہیں چھوڑیں گے، سیاست پر اختلاف کیا جائے ،ذاتی حملے نہ کئے جائیں۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی کارروائی پرتبصرہ کرنا غیرقانونی ہے، 2014 سے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ دسمبرتک ملک سے تمام اندھیرے دورکردینگے، انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے قوم سے جووعدے کئے ہیں وہ سب پورے کریں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم جانیوالے نہیں ہیں، کھڑے رہنے والے ہیں اور کھڑے ہی رہیں گے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹ بول کر پوری قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کیخلاف جھوٹی پٹیشن دائرکی ہے لیکن کیس ہم لڑ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو قوم نے تیسری بارملک کا وزیراعظم منتخب کیا ہے،انہوں نے کہا کہ عوام نے 2013 میں بھی نواز شریف کو ووٹ دیا اور 2018 میں بھی انہیں ہی ووٹ دے گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پہلے سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ دائرکیا گیا لیکن جب کوئی ثبوت نہ پیش کرسکے تو کہا گیا کہ وزیراعظم نے اپنی تقاریرمیں جھوٹ بولا اور جب یہ بھی ثابت نہ ہو سکا تو پھر کہا گیا کہ بیٹوں نے باپ اور باپ نے بیٹی کو تحفے کیوں دیئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ اعتراض کرنے والوں میں ایک نام جہانگیر ترین کا بھی ہے جن کے مالی اور خانساموں کے نام اربوں کی جائیداد ہے اورجو یہ جائیداد انہیں تحفے میں دے دیتے ہیں، دوسرے معترض عمران خان ہیں جنہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنی بیوی کو چھوڑا اور ان سے اربوں روپے کی جائیداد بطورتحفہ وصول کرلی ،ْہم عدالت میں یہ ثابت کریں گے کہ جو تحفے وزیراعظم کو ملے وہ جائز تھے اورقانونی طریقے سے ان کی ٹرانزیکشن ہوئی۔

طلال چوہدری نے پیپلزپارٹی کی جانب سے کرپشن کیخلاف مہم پر کہا کہ میں بلاول بھٹو پر صدقے جائوں ، جب تک ان کے نام کیساتھ زرداری لگا ہوا ہے انہیں کرپشن پر بات ہی نہیں کرنی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن کیخلاف بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بلاول بھٹو کی ڈگریاں تو آکسفورڈ یونیورسٹی کی ہیں مگر دونوں کی سوچ لنڈے کی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات