گلگت بلتستان چیف کورٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب ،زیرسماعت مقدمات کے حوالے سے معلومات ویب سائٹ پردستیاب ہوںگی

جمعرات 19 جنوری 2017 16:12

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) چیف جسٹس چیف کورٹ گلگت بلتستان جسٹس صاحب خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان چیف کورٹ میں جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لاکر گلگت بلتستان کے عوام کو نئے سال کے آغاز میں سستے انصاف کی فراہمی کو بہتر انداز میں گھر کے دہلیز پر یقینی بنانے کے لئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ آئندہ سائلین اور وکلاء عدالت میں پیشی کی پرچی لینے کی دقت سے بچ سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس چیف کورٹ گلگت بلتستان جسٹس صاحب خان نے چیف کورٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں انقلاب کے باعث دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے اور دورجدید کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے ناگزیرہوچکاہے،انہوں نے کہا کہ اس لئے عوام کو سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے اور سائلین اور وکلاء کو بر وقت عدالت میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کیلئے چیف کورٹ نے اپنے وسائل بروئے کار لا کر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کا نئے سال کی ابتداء میں افتتاح کرکے گلگت بلتستان کے عوام اور وکلاء کوایک تحفہ دیا ہے جس کے تحت سائلین اور وکلاء عدالت میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر چیف کورٹ گلگت بلتستان کی ویب سائٹ www.gbchiefcourt.gov.pkپر آسانی سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ جدید نظام کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر مقدمات کی کال لسٹ کو پیشی سے ایک روز قبل آن لائن کیا جائے گا اور پیشی کے بعد اگلی تاریخ پیشی کے لئے وکلاء اور سائلین کو پرچی کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ اگلی تاریخ پیشی بھی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی وکیل یا سائل کسی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہو سکا تو اس دن ہونے والی عدالتی کارروائی بھی آن لائن اپ ڈیٹ کی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ نئے دائر ہونے والے اور پرانے مقدمات کی پوزیشن کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ویب سائٹ اپ ڈیٹ کی جائے گی تاکہ وکلاء اور سائلین اپنے مقدمے کی بروقت پیروی کر سکیں، اس کے علاوہ تمام اضلاع کے سول اور سیشن کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کے حوالے سے بھی بذریعہ ای میل رپورٹ حاصل کی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ جلدہی چیف کورٹ کے تمام فیصلوں کو بھی چیف کورٹ کی ویب سائٹ پر آن لائن کیا جائیگا جس سے وکلاء کوعدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی میں سہولت میسر آئی گی ۔

انہوں نے کہاکہ اس جدید نظام میں مزید بہتر ی لانے کیلئے وکلاء کاتعاون درکارہوگا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی شامل خان نے جسٹس صاحب خان و دیگر کو آئی ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ تقریب میں جسٹس وزیر شکیل ، وائس چیئرمین جی بی بار کونسل منظور احمد ، صدر ہائی کورٹ بار ملک کفایت الرحمن ،نائب صد ر تنویر الحسن ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج علی بیگ ، غلام عباس چوپا ، انسداد دہشت گردی کے جج راجہ شہباز خان ، سول جج گلگت محمد یوسف ، وکلاء ، ایڈیشنل رجسٹرار احمد جان ، نثار احمدسمیت دیگر نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :