لاہوراور راولپنڈی /اسلام آباد کے بعد ملتان میٹروبس منصوبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچ گیا،وزیراعظم افتتاح کریں گے

ملکی وغیرملکی ماہرین نے منصوبہ کو لاہوراور اسلام آباد سے بہتر منصوبہ قراردیا ،ساڑھے اٹھارہ کلومیٹرطویل میٹروبس منصوبہ 28ارب 88کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا،ابتدائی طور پرمیٹروروٹ پر35بسیں چلائی جائیں گی،عوامی سہولت کے اس سفری منصوبے روزانہ تقریبا ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے،ترجمان میٹروبس پراجیکٹ،چیف انجینئرنے منصوبے کی کم ازکم عمر50سال قراردی

جمعرات 19 جنوری 2017 16:05

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) لاہوراور راولپنڈی /اسلام آباد کے بعد ملتان میٹروبس منصوبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم نوازشریف اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ملکی وغیرملکی ماہرین نے اس منصوبہ کو لاہوراور اسلام آباد سے بہتر منصوبہ قراردیا ہے۔عوامی سہولت کے اس سستے سفری منصوبے سے روزانہ ملتان کے تقریبا ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔

ترجمان میٹروبس پراجیکٹ کے مطابق ساڑھے اٹھارہ کلومیٹرطویل میٹروبس منصوبہ 28ارب 88کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔میٹرو بس روٹ کا نصف سے زیادہ حصہ فلائی اوورز پر مشتمل ہے جبکہ ایک انڈرپاس بھی بنایا گیا ہے۔بہاوالدین زکریا یونیورسٹی تا چوک قذافی میٹروبس روٹ پر 21میٹروبس اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر میٹرو روٹ پر 35بسیں چلائی جائیں گی اور تقریباً 95ہزار افراد روزانہ اس پر سفر کریں گے۔

منصوبے کے لئے برقی زینے، لفٹ، جنریٹرز، ایکس پنشن جوائٹنس اورلانچنگ پیڈزیورپ سے منگوائے گئے ہیں۔میٹروبس روٹ پرخوبصورتی کیلئے رنگ برنگے فوارے بھی لگائے گئے ہیں جبکہ پی ایچ اے کی طرف سے بھی میٹروبس روٹ اور اس کے اطراف کھجوروں کے درخت اور پھولوں کی کیاریاں لگائی ہیں جس سے قدیم شہرملتان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔دوسری طرف ٹیکنیکل ایڈوائزر میٹرو بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی عمر 50سال ہے اور اگر اس کی بروقت دیکھ بھال کا عمل جاری رکھا گیا تو یہ منصوبہ100سال تک قابل استعمال رہے گا۔

انہوںنے بتایاکہ منصوبے کی تعمیر کے دوران اس منصوبے پر 50ہزار سے زائد انجینئرز، ہنرمندوں اور مزدروں کو براہ راست روزگار ملا جبکہ بالواسطہ روزگار حاصل کرنے والے اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبوں کو فنکشنل کرنے والی کمپنیوں نی2600افراد کو بھرتی کیا ہے اور اس طرح یہ منصوبہ 2600 خاندانوں کے روزگار کا وسیلہ بنا ہے۔اس منصوبے سے ملتان میں ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا اور اس تاریخی شہر کو میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک نئی پہچان ملے گی۔

دریں اثناء ملتان میٹروبس منصوبے کا افتتاح آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اس منصوبے کا افتتاح کریں گے ،جس کے بعد میٹروبس سروس شہریوں کیلئے کھول دی جائے گی۔ملتان کے ضلعی حکام اور میٹروبس انتظامیہ نے افتتاحی تقریب کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :