Live Updates

مریم نواز کی پراپرٹی کی سیل ڈیل جعلی،بیچی فروری میں،سٹمپ مارچ کی ہے ،فواد چوہدری

وزراء جھوٹ الیون ہے ، مسلم لیگ (ن) خود پیسے لے کر کام کرتی ہے ،صحافیوں سے پیسے لینے کے بیان پر پی ٹی آئی کی مذمت

جمعرات 19 جنوری 2017 15:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی پراپرٹی کی سیل ڈیل جعلی ہے کیونکہ پراپرٹی فروری میں بیچی گئی اور دستاویز پر اسٹیمپ مارچ کی ہے ، جھوٹ الیون آکر جھوٹ بولے گی ، دانیال عزیز کی طرف سے صحافیوں کو پیسے لینے کے بیان کی پی ٹی آئی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔

جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی سیل پراپرٹی پر بات ہوئی جس میں دستاویز پیش کی گئیں کہ مریم نواز نے اپنی پراپرٹی فروری میں بیچی ہے جبکہ دستاویز میں اسٹمپ مارچ کی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالت میں پیش کیے گئے دستاویز جعلی ہیں، اس کے علاوہ حکومتی وکیل عدالت میں کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ یہ کیس نہیں سن سکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم کی کرپشن کیخلاف کوئی تحقیقات نہیں کی جاسکتیں اور اس کے علاوہ حکومتی وکیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر کو بھی عدالت کے ریکارڈمیں شامل نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

حالانکہ کیس بڑا واضح ہے کہ حسین نواز نے 52کروڑ روپے نوازشریف کو گفٹ کیے ، نوازشریف نے پھر مریم نواز کو یہ پیسے گفٹ کیے ، مریم نواز نے پراپرٹی خرید کر پھر یہی پیسے اپنے باپ کو واپس کردیئے۔اس پر حکومتی وکیل کہتا ہے کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 143کے تحت انکوائری نہیں کرسکتی لیکن فاضل جج نے کہا کہ یہ 20کروڑ عوام کے حقوق کا معاملہ ہے ۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی مسلم لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ نے ہمارے مخالف فیصلہ دیا تو ہم تسلیم نہیں کرینگے اور کبھی دانیال عزیز کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ ہم سے سوال نہیں کرسکتی جبکہ ہمیں بھی یہ لوگ گالیاں دیتے ہیں ، پورا پاکستان ایک طرف جبکہ جھوٹ الیون ایک طرف ہے ، اس کے علاوہ فواد چوہدری نے دانیال عزیز کی جانب سے صحافیوں پر پیسے لینے کے الزام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں مسلم لیگ (ن) پیسے پکڑے بغیر کوئی کام نہیں کرتی تو اس لئے وہ دوسروں کو بھی اپنے جیسا سمجھتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات