018ء نہیں قوم کو اسی سال شریفوں سے چھٹکا را دلائیں گے، چار مطالبات پورے کرائیں گے‘ بلاول بھٹو

حکومت کے خلاف تیر کمان سے نکل چکا ہے ،موجودہ کرپٹ سسٹم سے چھٹکارے کے لئے عوام کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا جو کالعدم تنظیموں کے ساتھ بیٹھتے ہیں ان سے چھٹکا را حاصل کرنا ہے، یہ کھاتے ظالموں کے ساتھ اور بات مظلوموں کی کرتے ہیں ‘ کارکنوں سے خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 14:51

018ء نہیں قوم کو اسی سال شریفوں سے چھٹکا را دلائیں گے، چار مطالبات پورے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2018ء نہیں بلکہ قوم کو اسی سال شریفوں سے چھٹکا را دلائیں گے،پیپلزپارٹی اپنے چارمطالبات پر قائم ہے اور انہیں پورے کرائے گی،عوام کو کرپٹ نظام کے خلاف گھروں سے باہر نکلنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سگیاں پل پر استقبالیہ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ جو کالعدم تنظیموں کے ساتھ بیٹھتے ہیں ان سے چھٹکا را حاصل کرنا ہے، یہ کھاتے ظالموں کے ساتھ اور بات مظلوموں کی کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک و قوم کے لیے قربانیاں دی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے، میں اپنے والدہ کے مشن کو جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ 2018ء نہیں بلکہ قوم کو اسی سال نواز شریف اور شہباز شریف سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے ۔

حکومت کے خلاف تیر کمان سے نکل چکا ہے اور اب بہت جلد عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف سے چھٹکارے کی خبر بھی ملے گی ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس کرپٹ نظام کے خلاف ہیں، جبکہ موجودہ کرپٹ سسٹم سے چھٹکارے کے لئے عوام کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کی ریلی بلاول ہائوس لاہور سے روانہ ہوئی ۔ بلاول ہائوس آنے والے کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے خصوصی گیت بھی چلائے جاتے رہے ۔ بلاول بھٹو کی قیاد ت میں ریلی کامختلف مقامات پر پرجوش استقبال کیا گیا اور اس موقع پر کارکن ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔بلاول بھٹو سگیاں کے قریب اچانک اپنی گاڑی کا سن روف کھول کر باہر نکل آئے اور کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے ۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ ، ندیم افضل چن ، نیئر بخاری ، مصطفی کھوکھر سمیت دیگر بھی ریلی کے ہمراہ روانہ ہوئے ۔ پیپلز پارٹی کی ریلی کی حفاظت کے لئے پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق پیپلز پارٹی کی ریلی کی حفاظت کے لئے تین ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔