لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا شہر میں غیر قانونی شادی ہالوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

ٹائون پلاننگ اور سی ایم پی ونگ نے بغیر نقشہ 50 شادی ہالوں کی لسٹیں مرتب کر لیں، سیل کیا جائے گا غیر قانونی کمرشلائزیشن اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر گارڈن ٹائون ،گلبرگ میں بھی پانچ عمارتیں سیل کر دی گئیں

جمعرات 19 جنوری 2017 14:44

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا شہر میں غیر قانونی شادی ہالوں کے خلاف کریک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں غیر قانونی شادی ہالوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا ، ٹائون پلاننگ اور سی ایم پی ونگ نے بغیر نقشہ 50 شادی ہالوں کی لسٹیں مرتب کر لیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایل ڈی اے کے شعبہ ٹائون پلاننگ اور میٹرو پولٹین پلاننگ ونگ کی جانب سے شہر بھر میں ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں بغیر نقشہ اور غیر قانونی طور پر قائم 50 شادی ہالوں کی لسٹیں مرتب کرلی گئی ہیں۔

ایل ڈی اے نے تمام غیر قانونی شادی ہالوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایل ڈی اے نے گرینڈ آپریشن کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے۔ایل ڈی اے حکام کے مطابق کنٹرولڈ ایریا میں بغیر نقشہ اور کمپلیشن شادی ہالوں کی تعمیر کی گئی جبکہ ان کی سالانہ کمرشلائزیشن بھی کردی گئی جس پر کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان کا کہنا ہے کہ شادی ہالوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو بھی سزا دی جائے گی۔

ایل ڈی اے نے شادی ہالوں کے ذمہ داروں کے خلاف انکوائری کا عمل بھی شروع کردیا۔علاوہ ازیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نے غیر قانونی کمرشلائزیشن اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر گارڈن ٹائون اور گلبرگ میں پانچ عمارتیں سیل کردیں۔ایل ڈی اے نے گارڈن ٹائون اور گلبرگ میں کارروائی کرتے ہوئے بوتیک، باڈی ٹاک جم، ہیر ٹرانسپلانٹ کلینک، فوٹو سٹوڈیو، ایک سو آٹھ ایم بلاک اور نوے ایچ بلاک گلبرگ میں قائم گھروں میں دفاتر کو سیل کردیا۔

ایل ڈی اے نے تمام پراپرٹیز کو قبل از وقت نوٹسز جاری کئے تھے تاہم کوئی جواب داخل نہ کروایا گیا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایل ڈی اے نے تمام پراپرٹیز کو تاحکم ثانی اور کمرشل کلئیرنس تک سربمہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق عمارتوں کی غیر قانونی کمرشلائزیشن سے کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔

متعلقہ عنوان :