سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے مجموعی طور پر اب تک 3 کھرب 21 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے

جمعرات 19 جنوری 2017 14:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے لئے مجموعی طور پر اب تک 3 کھرب 21 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے لئے 8 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے لئے 20 ارب، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لئے 80 ارب، واپڈا پاور سیکٹر کے لئے 47 ارب، اے جے کے بلاک کے لئے 7 ارب، ایرا کے لئے 4 ارب اور عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے 48 ارب، پرائم منسٹر یوتھ اور ہنرمند پروگرام کے لئے 7 ارب، پانی و بجلی ڈویژن کے لئے 6 ارب 89 کروڑ، ریلویز ڈویژن کے لئے 13 ارب 99 کروڑ، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے لئے 12 ارب 66 کروڑ، ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے 7 ارب 58 کروڑ، داخلہ ڈویژن کے لئے 4 ارب 67 کروڑ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لئے 8 ارب 54 کروڑ، ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے لئے 2 ارب 59 کروڑ، فنانس ڈویژن کے لئے 2 ارب 34 کروڑ روپے، ڈیفنس پروڈکشن ڈویژن کے لئے 46 کروڑ روپے، کیڈ ڈویژن کے لئے ایک ارب 86 کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن ایک خاص طریقہ کار کے تحت سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے لئے فنڈز جاری کر رہا ہے۔