قومی جذبے اور مکمل اتفاق کے ساتھ سی پیک منصوبے کو کامیاب بنائیں گے،اس کیخلاف سازشیں کرنے والے ہر فورم پر ناکام ہوں گے،2018ء تک قومی گرڈ میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے توانائی کا بحران ختم ہو جائے گا، وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال

جمعرات 19 جنوری 2017 14:09

قومی جذبے اور مکمل اتفاق کے ساتھ سی پیک منصوبے کو کامیاب بنائیں گے،اس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قومی جذبے اور مکمل اتفاق کے ساتھ سی پیک منصوبے کو کامیاب بنائیں گے، سی پیک ہماری قوم اور آئندہ آنے والی نسلوں کا منصوبہ ہے، جلد چین کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تمام صوبوں کو انڈسٹریل زونز کے قیام کے لئے جگہ کے تعین کے لئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سی پیک کے حوالے سے بے بنیاد باتیں پھیلائی گئیں اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہیں تاہم سی پیک کے خلاف سازشیں کرنے والے ہر فورم پر ناکام ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کی قیادت پاکستان میں صنعتوں کی ترقی چاہتی ہے۔

سی پیک منصوبوں پر پاکستان کی صنعتیں تیزی سے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ہماری معیشت کی پیداوار 6 فیصد ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء تک قومی گرڈ میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے توانائی کا بحران ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین پاکستان میں صنعتیں لگا رہا ہے، چین میں لیبر مہنگی ہے اور پیداوار اور اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں صنعت لگا کر چین اپنے پیداواری اخراجات کم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کے جتنے بھی منصوبے چل رہے ہیں ان میں نصف سے زائد پاکستانی انجینئرز اور مزدور کام کر رہے ہیں۔ اپنے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کروانے کے لئے چینی انجینئرز اور ورکرز دن رات کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ تین سال پہلے محض ایک کاغذ کا ٹکڑا تھا جس پر آج عمل درآمد ہو رہا ہے، اگر ہم نے 2030ء تک اس کے مختلف اہداف کو حاصل کرلیا تو پاکستان اس خطے کے اندر کلیدی اہمیت کا حامل ملک بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کو اپنے پیروں تلے کھڑا کر دیا ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر چین کے دورہ کے لئے وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں بیجنگ کا دورہ کر کے منصوبوں کے حوالے سے کام مکمل کرلیں گے۔

متعلقہ عنوان :