استور،شونٹر پاس کی فیزبیلٹی رپورٹ مکمل ، جلدکام کا آغاز ہو جائے گا، رانا فرمان علی

جمعرات 19 جنوری 2017 13:41

استور۔ 19 جنوری (اے پی پی(صوبائی وزیر بلدیات گلگت بلتستان رانا فرمان علی نے کہا ہے کہ شونٹر پاس کی فیزبیلٹی رپورٹ مکمل ہو گئی ہے ،جس پرجلد کام کا آغاز ہو جائے گا،اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شونٹر روڈ کے بننے سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائے گی کیونکہ شونٹر پاس وفاق سے ملانے کے لئے سب سے قریب اور آرام دہ روڈ ہے اس پر صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں تمام زیرالتواء پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے خاص طور پر استور میں نئے اور پرانے بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

زائپور پاور پراجیکٹ اور بلشبر پاور پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ میر ملک پاور پراجیکٹ جو کہ کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے ان کو جلد مکمل کیا جائے گا اور ایک سال کے اندر استور کے جن علاقوں میں بجلی کی کمی ہے اس کو پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے دوران عوام کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں انشاء اللہ ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔