سندھ ہائی کورٹ کا ماڈل گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کاحکم

ایان علی کا ای سی ایل میں تیسری مرتبہ نام چوہدری نثار علی نے تعصب کی بنیاد پرڈالا،وکیل ایان علی ہم وفاقی حکومت سے امید کرتے ہیں کہ وہ تعصب ترک کرکے ایان علی کانام ای سی ایل سے نکال دے گی، قادرخان مندوخیل ایڈووکیٹ

جمعرات 19 جنوری 2017 13:33

سندھ ہائی کورٹ کا ماڈل گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کاحکم

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیاہے۔عدالت نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس احمد علی ایم شیخ پرمشتمل دو رکنی بینچ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ15روز کی مہلت دی جائے، جس پر جسٹس احمد علی نے کہا کہ آپ کو کس بات کی مہلت دی جائے۔ وکیل نے کہا کہ میرا کام درخواست کرنا ہے جس پر جسٹس احمد علی نے کہا کہ ہمارا جو کام تھا ہم نے کر دیا ہے۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو ای سی ایل کے فیصلے سے متعلق ریفری جج مقرر ہوئے تھے،جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ایان علی ای سی ایل سے نام نکلنے کے بعد اب ملک سے باہر سفر کر سکیں گی۔ایان علی کا نام کسٹم آفیسر کے قتل ہونے کے بعد ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔ایان علی نے ای سی ایل میں نام شامل ہونے کیخلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔اس سے قبل جسٹس احمدشیخ اورکے کے آغا کے درمیان فیصلے پر اختلاف سامنے آیا تھا ۔ بینچ تقسیم ہونے پرمعاملے کے حل کیلئے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹوکوریفری جج مقررکیاگیاتھا۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مشہور پاکستانی ماڈل ایان علی کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہونے کے بعد ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایان علی کے وکیل قادرخان مندوخیل نے کہاکہ ایان علی کا نام ای سی ایل میں تیسری مرتبہ ڈالا گیاتھا۔ایان علی کو بیرون ملک جانے سے ائرپورٹ پرروکا گیا۔

انہوں نے کہاکہ توہین عدالت کا کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے۔جمعرات کو عدالت نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کا حکم دیاہے۔انہوں نے بتایا کہ جب کسٹم آفیسر کا قتل ہوا تب ایان علی جیل میں تھی۔تیسری مرتبہ نام چوہدری نثار علی نے تعصب کی بنیاد پرڈالا ۔انہوں نے کہاکہ ہم وفاقی حکومت سے امید کرتے ہیں کہ وہ تعصب ترک کرکے ایان علی کانام ای سی ایل سے نکال دے گی