باراک اوباما دورہ صدارت کے آخری ہفتے میں قیدیوں پر مہربان

جمعرات 19 جنوری 2017 11:30

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) امریکی صدر براک اوباما نے اپنے دور صدارت کے آخری ہفتے میں 209 افراد کی سزاؤں میں کمی اور 64 قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جن لوگوں کی سزاؤں میں کمی کی گئی ہے ان میں سب سے اہم نام حساس حکومتی و عسکری دستاویز ویب سائٹ وکی لیکس کو دینے والے سابق فوجی اہلکار بریڈلے میننگ کا ہے۔

بریڈلے میننگ کو 2010 میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت اس کا نام بریڈلے میننگ تھا تاہم بعد میں اس نے خود کو عورت کہنا شروع کر دیا تھا اور اپنا نام بریڈلے سے چیلسی میننگ کر لیا تھا اور اب اسے بطور خاتون چیلسی میننگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بریڈلے میننگ کو حساس دستاویز لیک کرنے کے الزام میں 35 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ تقریباً 6 برس تک قید کی سزا کاٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کی جانب سے سزا میں کمی کرنے کے بعد اب بریڈلے میننگ کی سزا 17 مئی 2017 کو ختم ہو جائے گی۔ بریڈلے میننگ نے گزشتہ برس دو بار خود کشی کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔ امریکی صدر کی جانب سے جن قیدیوں کی سزاؤں میں کمی اور معافی دی گئی ہے ان میں زیادہ تر منشیات سے متعلق جرائم میں سزا یافتہ ہیں۔ امریکا میں عدالت کے روبرو اپنے اوپر لگائے گئے الزامات قبول کرتے ہوئے بریڈلے نے کہا تھا کہ انہوں نے عوام کو امریکا کی خارجہ اور فوجی پالیسی سے آگاہ کرنے کے لئے وکی لیکس کو راز افشا کیے تھے۔

یاد رہے کہ مارچ 2013 میں بریڈلے میننگ نے قومی خفیہ راز وکی لیکس کو فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ بریڈلے میننگ نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے بغداد میں بطور انٹیلی جنس تجزیہ کار کام کے دوران 2009ء اور2010ء میں ہزاروں کی تعداد میں عراق اور افغانستان کی جنگی رپورٹیں، سفارتی اور دوسرے خفیہ دستاویزات اور خفیہ ویڈیو کلپس وکی لیکس کو فراہم کی تھیں

متعلقہ عنوان :