مسلم لیگ ن کی حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور دہشت گردوں کے مکمل صفایا کے لیے کوشاں ہے،وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 18 جنوری 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور دہشت گردوں کے مکمل صفایا کے لیے کوشاں ہے، حکومت کی موثر و کارآمد پالیسیوں کی بدولت آج کا پاکستان 2013ء جب ہم نے حکومت سنبھالی سے کافی بہتر ہے،امن و امان کی صورت حال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے،جس کی وجہ سے ملک ترقی کر رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مختلف واقعات میں ان دہشتگردوں میں مماثلت پائی جاتی ہے اور جب کسی دہشت گرد کو سزا دی جاتی ہے تو جج اور پراسیکیوشن پر حملے کیے جاتے ہیں،شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر پر ہاتھ ڈالنا معمولی کام نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری پولیس اور دیگر سیکیورٹی اہلکار عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں دھرنوں، پاناما یا کسی لاک ڈائون کی بجائے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔