قلات کے دوردراز علاقوں اور دیہاتوں میں سڑکوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری

بدھ 18 جنوری 2017 23:23

کوئٹہ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی خصوصی ہدایت پرڈپٹی کمشنر قلات عزیزاللہ غرشین کی زیرنگرانی قلات کے دوردراز علاقوں اور دیہاتوں میں سڑکوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ گذشتہ روز جوہان، کابو، زردمنگچر اور دیگر درجنوں دیہاتوں کی سڑکوں کو گریڈنگ کرکے برف ہٹائی گئی اور ان علاقوں کی آمدورفت مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے جبکہ قلات کے دوردراز علاقوں میں ابھی بھی برف ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ان علاقوں میں آمدورفت مکمل طور پر بحال کی جائے تاکہ عوام اپنی ضروریات زندگی پوری کرسکیں۔

ڈپٹی کمشنر قلات نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو اپنا اخلاقی اور دینی فریضہ سمجھ کر مشکل کی اس گھڑی میں حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید برفباری سے ضلع قلات کے دور دراز علاقوں میں آمدورفت مکمل بند ہوچکی تھی مقامی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہوں کی محنت اور جدوجہد سے لوگوں کی فوری امداد کے لئے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔

گذشتہ چار دنوں میں مقامی انتظامیہ کی دن رات کی کوششوںسے سڑکوں کی بحالی کے علاوہ مین آر سی ڈی شاہراہوں پر مسافروں کی خدمت اور دیہاتوں میں لوگوں کی ضروریات زندگی کے لئے اشیاء پہنچانے اور بی ایچ یوز میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈاکٹردن رات کوششوں میں مصروف عمل ہیں اور انشاء اللہ ضلع کے عوام کی خدمت کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔