صدر آزاد جموں و کشمیر سے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل ندیم انجم کی ملاقات

بدھ 18 جنوری 2017 23:22

کوئٹہ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل ندیم انجم کی ملاقات گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی صورتحال امن وامان اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آئی جی ایف سی نے صدر آزاد کشمیر کو صوبے میں امن امان کے قیام، سمگلنگ کی روک تھام اور جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی سے متعلق ایف سی کے کردار اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ایف سی بلوچستان میں بہت اہم کردار ادا کررہی ہے سی پیک کے حوالے سے صوبہ اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کا محور اور مرکز ہوگا۔ اس لئے یہاں امن واستحکام بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے صدر نے آئی جی ایف سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ریاست میں امن وامان کی صورتحال مثالی ہے ہمیں کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں بھارتی افواج بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بناتی ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں جاری تحریک آزادی کے پس منظر سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ آئی جی ایف سی نے یقین دلایا کہ پاکستان کی بہادر افواج اپنے کشمیری بھائیوں کے قانونی حق کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔