وزیراعظم محمد نواز شریف کی سویڈن کے وزیراعظم سٹیفن ایلفیون سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا،عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرنا ہو گا،نوازشریف سویڈن کے وزیراعظم کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش سے اتفاق،پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مزید قریبی طور پر کام کرنے کے خواہاں ہیں،سٹیفن ایلفیون

بدھ 18 جنوری 2017 23:21

وزیراعظم محمد نواز شریف کی سویڈن کے وزیراعظم سٹیفن ایلفیون سے ملاقات
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے سویڈن کے وزیراعظم سٹیفن ایلفیون کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ بدھ کو یہاں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سویڈن کے وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتا ہے جو اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا جن میں رائے شماری پر زور دیا گیا ہے۔ سویڈن کے وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم کی تشویش سے اتفاق کیا اور کہا کہ سویڈن پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری حکومت متعدد شعبوں میں پہلے ہی پاکستان کے ساتھ قریبی کام کر رہی ہے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مزید قریبی طور پر کام کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان باہمی روابط میں اضافہ سے دونوں ملک مستفید ہونگے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور ان میں مزید اضافے کا بھی جائزہ لیا۔