حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہے ، بجلی چوری کی روک تھام کیلئے میپکو کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔وفاقی سیکرٹری محمدیونس ڈھاگا

بدھ 18 جنوری 2017 23:20

ملتان ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وفاقی سیکرٹری برائے پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔ بجلی کے پیداواری منصوبوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیاجارہاہے تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدانہ ہو ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز خالد مسعود خان، جوائنٹ سیکرٹری ٹرانسمیشن وزارت پانی وبجلی ظفر عباس، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعودصلاح الدین، جنرل منیجر ایم اینڈ ایس پیپکو خالد نذیر، جنرل منیجر ریونیواینڈ کمرشل آپریشن محمد سلیم، ڈائریکٹرفنانس پیپکو ندیم خان ، ڈائریکٹر آر اینڈ سی او میرحسن ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی ٹی سی توقیر حسن بخاری، ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس میپکو محمد نعیم اللہ، چیف انجینئرز سرفرازاحمد ہراج، شاہد حمید چوہان، سرفرازاحمد خان، محموداحمد خان اور میپکو کے تمام شعبوں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ میپکو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور امید ہے کہ اسی طرح سے صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے میپکو کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔ ڈی جی خان اور رحیم یار خان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی میں تیزی لائی جائے ۔

مظفرگڑھ میں بلوں پر ریڈنگ کی تصاویر کی اشاعت بہتر نہ ہونے پر کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرناچاہتی ہے مگر ہائی لاس فیڈرز اس راہ میں رکاوٹ ہیں جن فیڈرز پر بجلی چوری زیادہ ہے انہیں ریلیف نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو کی ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مینٹی نینس کے لئے الگ شعبہ بنانے کی تجویز کو سراہا اور اس پر ورکنگ کرکے جامع پروگرام بنانے کی ہدایت کی جس کے تحت مینٹی نینس کے لئے الگ سے افسران اور عملہ تعینات کیاجائے اور انہیں مطلوبہ بھاری مشینری اور تربیت بھی فراہم کی جائے ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعودصلاح الدین نے میپکو کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ میپکو نے رواں مالی سال 2016-17؁ء کی پہلی ششماہی میں بلنگ کی مد میں پرائیویٹ اور سرکاری صارفین سے 76ارب 27کروڑ روپے سے زائد وصولیاں کی ہیں جس سے پروگریسوریکوری کی شرح 100فیصد رہی ہے ۔دسمبر 2016؁ء میں میپکو ریجن میں صارفین کے بجلی بلوں پر میٹرریڈنگ کی درست تصاویر کی شرح 96فیصد رہی ہے ۔

جولائی تا دسمبر 2016؁ء کے دوران میپکو نے 2لاکھ78ہزار928بجلی چوروں کو مجموعی طورپر80کروڑ57لاکھ10ہزارروپے جرمانہ عائد کیا اور اس میں سے 53کروڑ82لاکھ90ہزارروپے وصول کرکے محکمہ کے خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں جبکہ 2286بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں مختلف پولیس سٹیشنوں کوبھجوائی گئی ہیں ۔سیکرٹری پانی وبجلی نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں نیٹ میٹرنگ منصوبے کا بھی افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے متبادل منصوبوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔

نیٹ میٹرنگ منصوبے کے تحت کوئی بھی صارف ڈسٹری بیوشن کمپنی کو بجلی فروخت کرسکتاہے ۔ کم سے کم ایک کلوواٹ سے ایک میگاواٹ تک سولر ذرائع سے پیدا کی ہوئی بجلی صارف میپکو کو فروخت کرسکتاہے ۔اس سے بجلی بحران میں کمی ہوگی اور ملک میں سولر پاور کو استعمال کرنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگا ۔ سیکرٹری پانی وبجلی نے میپکو ہیڈکوارٹر میں نوتعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ سپورٹس صحت مند ماحول فراہم کرنیکا ذریعہ ہیں ۔ملازمین کو کام کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیناچاہئے تاکہ وہ بھرپور توانائی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں ۔

متعلقہ عنوان :