پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے‘ عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتیںمسلسل کم ہونے کے باوجود ہمارے ملک میں قیمتوں میں اضافہ سے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی

جماعت اسلامی بلوچستان نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ باعث تشویش اور قابل مذمت قراردیدیا

بدھ 18 جنوری 2017 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) جماعت اسلامی بلوچستان نے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ باعث تشویش اور قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتیںمسلسل کم ہونے کے باوجود ہمارے ملک میں قیمتوں میں اضافے کے فیصلے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ۔

عوام کو ریلیف دینے کے بجائے لوٹنے کا سلسلہ شروع ہے ۔حکومت وحکمران عوام کے بجائے اپنی تنخواہوں ومراعات میں اضافہ کر رہی ہے ۔ حکومت غربت مہنگائی وبے روزگاری کو دیکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات میں کمی اور شیائے خوردونوش یوٹیلٹی اسٹورمیں قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیں منی بجٹ ،بار بار پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ،مہنگائی نے عوام کو پریشان کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی کرپشن ،لوٹ مار اورعوام پر مہنگائی وٹیکسوں کی بھر مار قابل مذمت اور عوام کو لوٹنے کے مترادف ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں پاکستانی عوام سب سے مہنگا پیٹرول خریدرہی ہیں ، وزارت خزانہ اور اُوگر اخطے کے دیگر ممالک سے قیمتوں کا موازنہ کرتے نظر آتے ہیں تو انہیں ملکی کرنسی کی قدر کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ پیٹرولیم منصوعات ہوں یا دوسرے ٹیکسز حکومت کا مقصد صرف غریب عوام کا خون چوسنا ہے ، گذشتہ دوبرسوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات نیچے عوام تک نہ پہنچ پائے، مہنگائی کا طوفا ن دن بدن بڑھتا ہی جا رہا ہے جس کی ذمہ دار ہماری حکومت ہے۔

لاکھوں روپے کی تنخواہ لینے والے اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھنے والوں کو دوچار روپے کی کمی بیشی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ان چند روپیوں کو جواز بنا کر اشیائے صرف سمیت بہت سی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا جس کا سارا بوجھ غریب عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔ جماعت اسلامی بلوچستان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف میسر رہے حکومت اشیائے خوردونوش ،یوٹیلٹی اسٹورمیں عوام کوریلیف دیں تاکہ عوام کی پریشانیوں میں کوئی کمی آسکیں۔

متعلقہ عنوان :