بلوچستان ملک کا چھوٹا صوبہ نہیں بلکہ اپنے رقبے اور وسائل کے حوالے سے سب سے بڑا صوبہ ہے ‘اقتصادی راہداری سے بلوچستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے ‘نام نہاد آزادی کی تحریک اور طالبان کے ایجنڈے کو سیاسی قیادت نے پاک فوج اور عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنادیا ہے ‘مذہبی دہشت گردی پر بھی جلد قابو پالیں گے سیکورٹی اداروں اور حکومتی کوششوں سے گوادر محفوظ ترین علاقہ بن گیا ہے

ْوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے بات چیت

بدھ 18 جنوری 2017 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان ملک کا چھوٹا صوبہ نہیں بلکہ اپنے رقبے اور وسائل کے حوالے سے سب سے بڑا صوبہ ہے اقتصادی راہداری سے بلوچستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے نام نہاد آزادی کی تحریک اور طالبان کے ایجنڈے کو سیاسی قیادت نے پاک فوج اور عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنادیا ہے ۔

مذہبی دہشت گردی پر بھی جلد قابو پالیں گے سیکورٹی اداروں اور حکومتی کوششوں سے گوادر محفوظ ترین علاقہ بن گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی ۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات سے اتفاق کیاگیا کہ اقتصادی راہداری بلوچستان کیلئے قسمت کا ستارہ بن کر چمک رہی ہے اور پاکستانی قوم کیلئے معاشی انقلاب ثابت ہوگی ۔

آزاد کشمیر کے صدر نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کو اقتصادی راہداری میں صف اول کی اہمیت حاصل ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا جو معدنیات ، قیمتی پتھروں، زرعی اور سمندری اجناس سمیت دیگر بہترین قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کے مالک ہیںانہوں نے بتایا کہ جے سی سی کے اجلاس میں آزاد کشمیر کے بھی دو منصوبے سی پیک میں شام کئے گئے ہیں جبکہ انہوں نے سی پیک میں بلوچستان کے 12منصوبوں کی شمولیت پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو مبارکباد پیش کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے بلوچستان کو ماضی میں اس طرح کی ترقی اور اہمیت نہیں دی گئی جیسا کہ دینی چاہئے تھی جس کی وجہ سے نہ صرف احساس محرومی پیدا ہوا بلکہ ملک دشمن عناصر کو اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں بھی بڑی حد تک مدد ملی ۔ اعداد و شمار کے مطابق 2013تک بلوچستان میں روزانہ پانچ چھ بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوتے تھے تاہم ہماری حکومت نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف ان کے ایجنڈے کو ناکام بنایا بلکہ انہیں کیفر کردار تک بھی پہنچایا بالخصوص غیر مقامی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کی گئی انہوں نے کہا کہ نہتے لوگوں کی ٹارگٹ میں ملوث عناصر انسانیت کے زمرے میں نہیں آتے اور نا ہی اسے کسی صورت برداشت کیا جاسکتا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوششوں سے ماضی کے مقابلے میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں بہت نمایاں فرق آیا ہے جس کا اعتراف سینئر صحافی اور مقتدر حلقے بھی کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایران اور افغانستان کے ساتھ بلوچستان کے راستے تجارتی سرگرمیوں اور ایران سے بجلی اور گیس کے حصول کے منصوبوں کو اہمیت کا حامل قراردیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف مقامی لوگ خوشحال ہوں گے بلکہ ملک اور صوبے کی بجلی اور گیس کی ضروریات بھی پوری ہوسکیں گی ۔

وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت اپنے کشمیری بھائیوں پر بھارتی ظلم وجبر کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی کشمیریوں کی بہت بڑی تعداد آباد ہے ۔آزاد کشمیر کے صدر نے وزیراعلیٰ کو اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران چیمبر آف کامرس کے اراکین سے ملاقات اور دیگر سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مہمان نوازی پر بلوچستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔