وزیراعظم محمد نواز شریف سی علی بابا گروپ کے چیئرمین جیک ما کی ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملاقات

پاکستان میں سرمایہ کاری اور آن لائن بزنس وینچر کے مزید فروغ کیلئے ای کامرس پلیٹ فارم کے قیام کی خواہش کا اظہار وزیراعظم نے جیک ما کو جلد پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا ، وزیراعظم کو گوانگ ژو میں کمپنی کے دفتر کا دورہ کرنے کی دعوت

بدھ 18 جنوری 2017 22:58

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) علی بابا گروپ کے چیئرمین جیک ما نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر بدھ کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور آن لائن بزنس وینچر کے مزید فروغ کیلئے ای کامرس پلیٹ فارم کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ ان کے ملک کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا بڑا مفاد ہے جس نے پاکستان میں مثبت معاشی ترقی کا قریبی جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے خطہ کیلئے زبردست مواقع فراہم ہوئے ہیں جس سے بڑی اقتصادی سرگرمی پیدا ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے جیک ما کو جلد پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا اور وزیراعظم کو بھی دعوت دی کہ وہ گوانگ ژو میں ان کی کمپنی کا دورہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں 6 کروڑ کمپنیاں فائدہ اٹھا رہی ہیں، ترقی پذیر ممالک کے فائدہ کیلئے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

علی بابا ایک چینی کمپنی ہے جو ویب پورٹل کے ذریعے کنزیومر ٹو کنزیومر، بزنس ٹو کنزیومر اور بزنس ٹو بزنس سیل سروسز فراہم کرتی ہے۔ کمپنی الیکٹرانک پیمنٹ، شاپنگ سرچ انجن اور ڈیٹا سنٹرک کلائوڈ کمپیوٹنگ سروسز بھی فراہم کرتی ہے۔ گروپ نے 1999ء میں اپنا آغاز کیا جب جیک ما نے ویب سائٹ alibaba.com، بزنس ٹو بزنس پورٹل کی بنیاد رکھی تاکہ چینی مینوفیکچررز کا اوورسیز خریداروں کے ساتھ رابطہ ہو سکے۔