وزارت کیڈ نے دو سو تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ،بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائیگا ،ْطارق فضل چوہدری

وزیر اعظم کی طرف سے رواں ماہ ایک ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں ،ْ مزید دو ارب آئندہ ماہ جاری کر دئیے جائیں گے ،ْاجلاس سے خطاب

بدھ 18 جنوری 2017 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء)وزارت کیڈ نے دو سو تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ،بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں وزیر اعظم کی طرف سے رواں ماہ ایک ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں اور مزید دو ارب آئندہ ماہ جاری کر دئیے جائیں گے۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پہلے مرحلے کیلئے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا ۔

پہلے مرحلے میں دو سو سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر، لیبارٹریوں اور لائبریریوں کا قیام ، واش رومز کی تعمیر ،طا لب علموں اور اساتذہ کیلئے نئے فر نیچر کی فراہمی، بیرونی دیواروں کی اونچائی میں اضافہ ،سکیورٹی انتظامات کی فراہمی اور دوسرے تعمیراتی کام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے تعلیم سے متعلق تمام پراجیکٹس کو تیزی سے مکمل کرنے کی خصو صی ہدایت کی ہے ۔

مریم نواز وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تمام پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کیلئے ان کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں۔پراجیکٹ میں تعمیراتی کاموں اور خریداری کے عمل کی مانیٹرنگ وزیر کیڈ کی سربراہی میں قائم سٹئیرنگ کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی۔پراجیکٹ میںکام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کسی فرم سے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دوسرے مرحلے کے 200سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی پی سی ون کی تیاری اور تعلیمی اداروں کے سروے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس ماہ کے آخر تک پہلے مرحلے کی 70سکول بسیں ایف ڈی ای کو موصول ہو جائیں گی ، وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ مزید 130بسوں کی خریداری کی سمری فوراًوزیر اعظم کو بھجوائی جائے۔ وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت اسلا م آباد کے تمام 422سرکاری تعلیمی اداروں میں تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت ابتداء میں پائلٹ پراجیکٹ میں 22سکولوں میں سول ورکس مکمل کیا گیا۔

جس میں 70 کمرے اور 7واش روم بلاکس تعمیر کئے گئے ۔ پہلے مرحلے میں دو سو سکولوں میں دو سو کمرے تعمیر کئے جائیں گے اور تعلیمی اداروں میں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی تنظیم نو ، نئی بسوں کی ترسیل اور تعلیمی اداروں کو فراہمی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔