تعلیم نظام کے استحکام کیلئے راہنمائی کاذریعہ ہیں،گورنراقبال ظفرجھگڑا

بدھ 18 جنوری 2017 22:53

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ معاشرے قوانین ، قواعدوضوابط، رسم ورواج اوراقدار کے تابع رہ کر اپنی بقا ء برقرار رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ جدید دور میں تعلیمی ادارے اس بارے میں علوم کے فروغ ، شعور وآگہی پیدا کرنے، مفاہمت پیدا کرنے اورنظام کے استحکام کیلئے راہنمائی کاذریعہ ہیں۔

وہ بدھ کو یونیورسٹی آف پشاور کے ذیلی ادارے انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں بی۔ایس ایجوکیشن بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹررسول جان، مختلف شعبوں کے ڈین اور بڑی تعداد میں طلباء وطالبات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنرنے کہاکہ صوبہ بھراور فاٹا میں بڑی تعداد میں تعلیمی ادارے معرض وجود میں آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ان تمام تعلیمی اداروں کے قیام سے درحقیقت یونیورسٹی آف پشاورکوبنیادی کردارحاصل ہے۔ گورنر نے کہاکہ گو کہ صوبہ بھر میں معیاری تعلیمی اداروں کا وجود ایک خوش آئند پہلو ہے لیکن یہ صورتحال اس لحاظ سے چیلنجوں کی بھی حامل ہے کیونکہ کامیابی کا ایک معیار قائم کرلینے کے بعد اس کا برقرار رکھنا کہیں زیادہ اہمیت کاحامل پہلو ہوتاہے۔

گورنرنے کہاکہ انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کی ذمہ داری درمیانی سطح کے حامل اساتذہ کو تعلیم وتربیت سے آراستہ کرکے تعلیمی نظام کی ضروریات پوری کرنی ہے اور یوں اس سطح کے اساتذہ یونیورسٹیوں میں باصلاحیت طلباء وطالبات کے داخلے یقینی بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ گورنرنے کہاکہ اگر معیاری تعلیم وتربیت کے حامل طلباء وطالبات اعلی تعلیمی اداروں میں داخلے حاصل کرپاتے ہیں تو اس سے متعلقہ اداروں کا معیار بھی بلند ہوتاہے اوراگر ایسا نہیں ہوتاتو اعلی تعلیمی اداروں کی رینکنگ متاثرہوتی ہے۔

گورنرنے جوکہ صوبے میں سرکاری شعبے کی یونیورسٹیوں کے چانسلربھی ہیں یہ بات بھی واضح کی کہ یونیورسٹی آف پشاور سے ہزاروں کی تعداد میں طلباء وطالبات فارغ التحصیل ہوچکے ہیں اور ہر سال یہ تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ گورنرنے مزیدکہاکہ انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈریسرچ میں نئے بلاک کا قیام کیمپس میں عمدہ اضافہ ہے اور اس کی بدولت صوبے میں تعلیمی نظام کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے اس تمنا کااظہارکیا کہ کیمپس میں اس بلاک کی تعمیرکی بدولت آنے والے وقت میں بہتر تبدیلی رونماہوگی۔

متعلقہ عنوان :