لاہور ہائیکورٹ، این ٹی ایس کے ذریعے نوکریوں اورتعلیمی اداروں کے اینٹری ٹیسٹ امتحانات پر پابندی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد

بدھ 18 جنوری 2017 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے نوکریوں اورتعلیمی اداروں کے اینٹری ٹیسٹ امتحانات پر پابندی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت میں درخواست گزارنادیہ تبسم کے وکیل سید زاہد حسین شاہ نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت تمام شہریوں کو یکساں بنیادوں پرمیرٹ کی بنیاد پر نوکری اورتعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ این ٹی ایس کے نجی ادارے نے اینٹری ٹیسٹ کے لئے چالیس کی بجائے پچاس فیصد پاسنگ مارکس رکھے ہیں جو کہ واضح طور پرامتیازی سلوک ہے۔انہوں نے کہا کہ نوکری اور اگلی کلاسوں میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو میرٹ پر پورا اترنے کے باوجوداین ٹی ایس کے ذریعے فیل کر کے من پسند امیدواروں کو پاس کیا جانا معمول ہے۔فاضل عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد درخاست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ (بخت گیر)