لاہور ہائیکورٹ، عدالت عالیہ کے ججوں کو عدالتی اوقات کار اور ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کیلئے دائر درخواست کی سماعت غیر معنہ مدت تک ملتوی

بدھ 18 جنوری 2017 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے عدالت عالیہ کے ججوں کو عدالتی اوقات کار اور ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت غیر معنہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ معاملہ انتظامی نوعیت کا ہے اسے انتظامی سطح پر دیکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزاراے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عالیہ کے ججوں کی جانب سے عدالتی اوقات کار پر عمل درآمد نہ کرنے سے وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔

ججوں کی عدم دستیابی کے بغیرانصاف کی فراہمی ناممکن ہے۔ججوں کے بروقت عدالت نہ آنے کی وجہ سے وکلاء کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جو کہ ججز ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2 کی سنگین خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ انصاف میں تاخیر کسی بھی معاشرے کے لئے ناانصافی کے مترادف ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عالیہ کے ججز کو ضابطہ اخلاق کے تحت عدالتی اوقات کار کا پابند بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ (بخت گیر)