ایس ایم ای بنک میں ان کا کوئی اکائونٹ ہے نہ دس کروڑ روپے جمع کرائے ، مجھے بتایا گیا کہ آپ کے اکائونٹ میں دس کروڑ روپے کی رقم موصول ہوگئی ہے ڈی جی ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کے لئے کہہ دیا ہے،چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا سینیٹ میں جعلی ٹرانزیکشن بارے اظہار خیال

بدھ 18 جنوری 2017 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان کو بتایا ہے کہ ایس ایم ای بنک میں ان کا کوئی اکائونٹ ہے نہ دس کروڑ روپے جمع کرائے۔ ڈی جی ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کے لئے کہہ دیا ہے ۔بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئر مین سینٹ نے کہا کہ ایس ایم ای بنک کی طرف سے انہیں ایک خط موصول ہوا ہے جس میں انہیں بتایا گیا ہے کہ ان کے اکائونٹس میں دس کروڑ روپے کی رقم موصول ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ یہ سراسر فراڈ ہے نہ تو ان کا ایس ایم ای بنک میں اکائونٹ تھا اور نہ ہی اس وقت کوئی اکائونٹ ہے اور بنکس میں جو بھی ان کے اکائونٹس ہیں ان میں جمع رقم کی تفصیل انکم ٹیکس گوشواروں میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود بھی اس معاملے پر ایس ایم ای بنک کے صدر سے بات کی ہے اور ڈی جی ایف آئی اے کے نوٹس میں بھی یہ بات لائے ہیں اور کہا ہے کہ اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔ ایس ایم ای بنک کے صدر سے بھی اس سلسلے میں تحقیقات کرانے کو کہا گیا ہے کہ ایسا کس طرح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس کی تحقیقات کرا رہے ہیں۔ ایوان کے ارکان کے نوٹس میں یہ چیز لانا ضروری تھی کیونکہ یہ سراسر ایک فراڈ ہے۔

متعلقہ عنوان :