Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس، کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

وزیراعلیٰ نے صوبے کے چار ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دیدی سہولت مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈ و سہولت میسر آئے گی،دیار غیر میں بسنے والے پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور ان کو درپیش مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے،اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے ایک خودمختارکمیشن تشکیل دیا ہے ،وزیراعلیٰ شہباز شریف

بدھ 18 جنوری 2017 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے کے چار ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دی ہے جہاں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے تھانے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے۔ یہ سہولت مراکز ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ان ڈویژنوں میں سہولت مراکز کے قیام کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ وہ بدھ کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے جس میں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات اور کمیشن کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور ان کو درپیش مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔

اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے ایک خودمختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے جو اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کو یقینی بنا رہا ہے اور اس کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے صوبے کے چار ڈویژنوں میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی شکایات کے ازالے کیلئے ون ونڈ و سہولت میسر آئے گی اور ان کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے زیرالتوا کیسوں کو جلد نمٹایا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ بعض ہائوسنگ سوسائٹیوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمیٹی کے اجلاس میں بعض محکموں اور اداروں کے متعلقہ حکام کی شرکت نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام متعلقہ افسران خود اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے اجلاس میں شریک ہوں اور مجھے اس ضمن میں کوئی شکایت نہیں آنی چاہیئے۔

ڈسٹرکٹ کمیٹیو ںکے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے بھی جامع میکانزم بنایا جائے۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات