سرگودھا ، کھالہ جات کو پختہ کرنے کیلئے ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کے مشترکہ منصوبہ پر عملدرآمد مشکلات کا شکار

بدھ 18 جنوری 2017 21:41

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) سرگودھا میں کھالہ جات کو پختہ کرنے کیلئے ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کے مشترکہ منصوبہ پر عملدرآمد آخری مراحل میں پہنچ کر مشکلات کا شکارہو کر رہ گیا ایک طرف دیئے گئے اہداف کی تکمیل محکمہ زراعت کیلئے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے وہاںمنصوبہ کے آپریٹنگ اخراجات، ملازمین کی تنخواہوں کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی مسائل کا سبب بن رہی ہے ،ذرائع کے مطابق 2013میں شروع ہونیوالے اس منصوبہ کی تکمیل 30جون2017کو ہونا ہے مگر سول ورک کا ایک بڑا ہدف اپنی نامکمل ہے جس کیلئے ضلع بھر کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران کو دو مرتبہ شوکاز نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں،دوسری طرف پراجیکٹ انتظامیہ کیلئے سینکڑوں ملازمین کی تنخواہوں ، منصوبے کے اپرٹینگ اخراجات کیلئے 1کروڑ72لاکھ93ہزار روپے کے فنڈ ز کی عدم دستیابی بھی مشکلات کا سبب بنی ہوئی ہے حکام کاکہنا ہے کہ سول ورک کی مد میں 11کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں،جس میں سے مطلوبہ فنڈز کی ری ایڈجسٹمنٹ کا لکھا گیا ہے ،جو حکومت کی گائیڈ لائن موصول ہونے پر ہی ممکن ہے ،جبکہ سول ورک کا ہدف پورا کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔