فیصل آباد،بھٹہ انڈسٹری ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے،رانا ثنا ء اللہ

بھٹہ انڈسٹری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ،صوبائی وزیر قانون

بدھ 18 جنوری 2017 21:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ بھٹہ انڈسٹری ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہے ۔درجنوں صنعتیں اس انڈسٹری سے وابستہ ہیں اس لئے بھٹہ انڈسٹری کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔

بھٹہ مالکان کی ملاقات بہت جلد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کروائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر بھٹہ مالکان چوہدری عبدالرزاق باجوہ کی قیادت میں مالکان کے ملنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی،چوہدری اشرف گجر،حاجی محمد الطاف،حاجی محمد اسلام ،میاں محمد یوسف،رانا صدیق بلو،میاں فرمان علی،کسان کونسلر حاجی محمد یونس اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے صوبائی وزیر قانون کو بتایا کہ تمام ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود بھی انتظامیہ انہیں تنگ کرتی ہے اور نام نہاد لیبر لیڈروں کے دبائو میں آ کر مالکان کو حراساں کیا جاتا ہے جس پر صوبائی وزیر قانون نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ لیبر سے متعلقہ اپنے تمام معاملات کو بہتر بنائیں کوئی سرکاری محکمہ انہیں ناجائز تنگ نہیں کرے گا اگر کوئی محکمہ یا سرکاری آفیسر انہیں تنگ کرے تو براہ راست ان کے علم میں لایا جائے ۔ مالکان کے مفادات کے تحفظ کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔