سینٹ، عافیہ صدیقی کی رہائی ، حکومت کردار ادا کر رہی ہے،امریکہ سے بھی کردار اداکرنے کا کہیں گے، زاہد حامد

چیئرمین سینیٹ کی قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت

بدھ 18 جنوری 2017 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) وفاقی وزیر قانون وانصاف زاہد حامد نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کر رہی ہے،امریکہ سے بھی کہیں گے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے،وزارت قانون وانصاف کی قائمہ کمیٹی نے بھی قرارداد منظور کی ہے جس میں امریکہ سے کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کو رہا کریں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز سینیٹ کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کے پوائنٹ آف آرڈر کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس سلسلے میں امریکی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے امید ہے کہ اس سلسلے میں مثبت رد عمل سامنے آئے گا۔قبل ازیں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے،14سال سے ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے،اسے رہائی دلوانے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔۔۔(ولی)